26 جولائی 2013 - 19:30
عالمی سازشیں ناکام بنانے کیلئے امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا، علامہ حسن رضا قمی

اچھرہ لاہور میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ آج امریکہ، اسرائیل اور کچھ عرب ممالک نے درندہ صفت انسانوں کو اسلحہ اور فنڈز فراہم کرکے خانوادہ رسالت کی عظمت و تکریم پر حملہ کرایا ہے لیکن اب عالم اسلام پر صیہونی سازشیں آشکار ہوچکی ہیں۔

ابنا: شام میں نواسئ رسول سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے مزار پر افسوسناک حملے کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام لاہور میں فیروز پور روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کے شرکاء نے امریکہ، اسرائیل اور ان کے حواریوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی ریلی مسجد الحسین ماربل مارکیٹ اچھرہ سے برآمد ہوئی اور فیروز پور روڈ پر اچھرہ چوک میں دھرنا دیا گیا، جہاں ریلی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سید حسن رضا قمی نے کہا کہ امریکہ اور اس کی حواری قوتیں تاریخ اسلام کی عظیم ہستیوں کی یادگاریں اور نشانات مٹا کر اسلام کی عظمت رفتہ مسلمانوں کے اذہان سے محو کر دینا چاہتی ہیں، لیکن عالم اسلام تمام تر فروعی اختلافات بھلا کر ان سازشوں کو ناکام بنا دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کہ نواسئ رسول سیدہ زینب بنت علی سلام اللہ علیہانے اپنے نانا (ص) کے دین کی سربلندی اور بقا کیلئے کربلا سے لیکر دمشق تک ناقابل فراموش قربانیاں دیں اور اپنے نانا (ص) کے دین کے پرچم کو کمال عزم و ہمت کے ساتھ سربلند رکھا، یہی وجہ ہے کہ آج اسلام دشمن قوتیں ان کی آرام گاہ کے درپے، جبکہ عالم اسلام ان کے مقدس مزار پر بہیمانہ حملے کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ علامہ حسن رضا قمی نے کہا کہ آج بھی اولاد یزید آل رسول (ع) اور اصحاب (رض) سے برسر پیکار ہیں، اس کی زندہ مثال شام میں سر اُٹھائے یہ خارجی ٹولہ ہے جو یہود و نصاریٰ کی سرپرستی میں اسلامی تاریخ اور مقدسات کی توہین کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں شیعہ سنی مسلمانوں نے متحد ہو کر ان تکفیریوں کو مسترد کر دیا اور خارجیوں کا اصل چہرہ قوم کو دکھا دیا، شام میں خون ریزی کے ذمہ دار بزدل عرب حکمران اور بادشاہ بھی ہیں، جو اپنی دولت اور ہوس اقتدار کیلئے اسرائیل اور امریکہ کے غلام بنے بیٹھے ہیں، ان کو صرف شام میں ڈکٹیٹر شپ نظر آتی ہے، کیا آل سعود اور آل خلیفہ کے مظالم نظر نہیں آتے۔ علامہ حسن رضا قمی کا کہنا تھا کہ ناموس رسالت (ص) کے تحفظ کیلئے ہم اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کو تیار ہیں اور اسلام دشمن ان تکفیری دہشت گردوں کو بے نقاب کرکے مسلمانوں کے درمیان وحدت اور بھائی چارے کو فروغ دے کر یہود و نصاریٰ کے زرخرید تکفیریوں کے مذموم عزائم خاک میں ملائیں گے۔ مظاہرین میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی جو شام میں روضہ بی بی زینب سلام اللہ علیہا پر خارجی دہشت گردوں کے حملے کیخلاف نعرے لگاتے رہے۔ سمن آباد جامعہ مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے

سیکرٹری جنرل ضلع لاہور علامہ امتیاز کاظمی نے کہا کہ دشمن اس وقت اسلام سے خوفزدہ ہے، مغرب اور صیہونی طاقتوں نے تکفیری دہشت گردوں کی مدد سے اسلام کے خلاف شام میں جو کارروائیاں کر رہے ہیں، اس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہونگے، روضہ بی بی زینب سلام اللہ علہیا اور اصحاب کرام (رض) کے مزرات کی توہین مقصد دراصل دنیا بھر میں فرقہ واریت کو ہوا دینا تھا جو شیعہ سنی مسلمانوں نے ناکام بنا دیا۔

احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ طاغوتی طاقتوں کے آلۂ کاروں نے نبی زادی سلام اللہ علیہا کے مقدس مزار پر حملہ کرکے عالم اسلام کی غیرت کو للکارا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج امریکہ، اسرائیل اور کچھ عرب ممالک نے درندہ صفت انسانوں کو اسلحہ اور فنڈز فراہم کرکے خانوادہ رسالت کی عظمت و تکریم پر حملہ کرایا ہے، لیکن اب عالم اسلام پر صیہونی سازشیں آشکار ہوچکی ہیں اور اب جگہ جگہ عبرت ناک شکست ان اسلام دشمن قوتوں کا مقدر ٹھہرے گی، احتجاجی جلسہ سے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، جس کے بعد ریلی کے شرکاء پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ اس موقع پر پولیس کی نفری بھی موجود رہی اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

.......

/169